آج مسلم انٹلکچول فورم اور یوتھ ویلفیر اسوسی ایشن وجئے واڑہ کے ارکان نے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے کاپو طبقہ کو تحفظات کے معاملہ میں فوری طور پر حرکت میں آنے کی طرح مسلمانوں کو بھی ریاست آندھراپردیش میں انکی آبادی کے لحاظ سے 8فیصد تحفظات ‘ اور ریاستی کابینہ میں مسلم لیڈر کو جگہ دینے کا مطالبہ کیا تاکہ سرکاری سطح پر مسلمانوں کی بھر پور نمائندگی ہو۔ انہوں نے دو دن پہلے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا بھی
مطالبہ کیا کہ آئندہ سالانہ بجٹ میں ایک ہزار کروڑ اقلتوں کے لئے مختص کئے جائیں اور جتنے آندھراپردیش کے اقلیتی ادارے ہیں ان تمام کے لئے حکومت بر وقت فنڈس جاری کرے ۔چنانچہ چیف منسٹرچندرا بابو نائیڈو نے انہیں آج وجئے واڑہ کے کیمپ آفس میں ان کو بات چیت کے لئے طلب کیا۔ ملاقات کے بعد یوتھ ویلفیر اسوسی ایشن کے صدر فاروق شبلی نے کہا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے انکے مطالبات پر مثبت انداز میں رد عمل ظاہر کیا ۔ اور انہوں نے تیقن دیا کہ انکی حکومت مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے پوری طرح سنجیدہ ہے۔